کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل آئینی بینچ نے کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو 2 ماہ کے اندر پنشن ادا کرنے کا حکم دیدیا، درخواست کی سماعت پر ڈی جی کے ڈی اے اور ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عدالت میں پیش ہوئے ، ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت پیسے نہیں ، ہم نے کے ڈی اے کے پلاٹس بیچنے کے لیئے اقدامات کیئے ہیں، جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس میں کہا کہ کے ڈی اے کے تمام اکاؤنٹ نمبرز ہمیں دے دیں، عدالت خود معلوم کرے گی، جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کہا تھا کہ عدالتی حکم پر عمل کریں، ہم آج ہی کارروائی کر کے سب کو معطل کریں گے، کے ڈی اے کی ساری جائیداد آپ نے بیچ دی ہے؟ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ ہم نے کچھ کمرشل پلاٹس کی نیلامی کی ہے، 84 کروڑ روپے ملے ہیں، تمام رقم پنشنرز کو دیں گے۔