پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کی نگران وزیر برائے سماجی بہبود، ترقی خواتین و جیل خانہ جات جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے صوبے میں خواتین کی ترقی،سیاسی عمل میں ان کی شرکت اور سرکاری محکموں میں جینڈر رسپانسیو بجٹنگ اور منصوبہ بندی کو فروغ دینے کے لیے گلوبل افئیرز کینیڈا اور کوواٹر انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے کہا کہ کو واٹر انٹرنیشنل نے گلوبل افئیرز کینیڈا کے تعاون سے نسواں کمشن خیبر پختونخوا،محکمہ سماجی بہبود، منصوبہ بندی و ترقی اور پولیس عملے کی تربیت، خواتین سے متعلق قوانین کی آسان اردو زبان میں ترجمہ اور سرکاری آفیسرز اور خواتین کمیٹیوں کی ارکان کے بین الصوبائی دوروں کا اہتمام کر کے پراجیکٹ کے مقاصد کی طرف نمایاں پیش رفت کی،حکومت اس منصوبے کو آگے لے جانے کیلئے اقدامات کرے گی۔ نگران صوبائی وزیر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ میں اب تمام پی سی ون میں جینڈر کی اہمیت اور ضروریات کو لازمی مد نظر رکھا جاتا ہے۔