قائد اعظم ٹرافی، سرفراز احمد کی ڈبل سنچری، انضمام اور بابر کو کرارا جواب

October 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل کنٹریکٹ میں ڈی کیٹیگری میں شامل جبکہ ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ نہ پانے والے سابق کپتان سرفراز احمد نے قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری بناکر انضمام الحق اور بابر اعظم کو کرارا جواب دیا جبکہ پی سی بی چیئرمین ذکا ء اشرف کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد یاکسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ قائداعظم ٹرافی کے میچ میں کراچی وائٹس نے لاہور کے خلاف ایک اننگز میں پہلی بار پانچ سنچریاں اسکور کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں خرم منظور، عماد عالم، اسد شفیق، رمیز عزیز اور سرفرازاحمد نے سنچریاں بنائیں ۔ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں کراچی وائٹس اور لاہور وائٹس کا میچ ڈرا ہوگیا۔ اتوار کو کراچی وائٹس نے اپنی پہلی اننگزمیں 5 وکٹوں پر784رنز بناڈالے۔ کپتان سرفراز احمد نے ناقابل شکست 200رنز بنائے ۔ رمیز عزیز نے 151 رنز اسکور کیے ، دونوں نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 351رنز کا اضافہ کیا۔ لاہور وائٹس نے اپنی پہلی اننگز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 509 رنز اسکور کیے تھے۔ ایبٹ آباد میں پشاور ریجن نے لاہور بلوز کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ لاہور بلوز کی ٹیم دوسری اننگز میں 215رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، پشاور 190 رنز کا ہدف اسکور سات وکٹ پر پورا کرلیا۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فاٹا اور ملتان کا میچ ڈرا ہوگیا۔ فاٹا نے فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں نو وکٹ پر 336 رنز بنائے تھے ۔ پنڈی اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے فیصل آباد کو 7 وکٹ سے ہرادیا۔ عبدالفصیح نے 109 رنز ناٹ آؤٹ بنائے ۔