انوشکا شرما اور اتھیا شیٹی پر تبصرہ ہربھجن سنگھ کو مہنگا پڑ گیا

November 20, 2023

—فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ کو بالی ووڈ کی اداکاراؤں انوشکا شرما اور اتھیا شیٹی پر تبصرہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انوشکا شرما اور اتھیا شیٹی گپ شپ کرتی نظر آئیں، اس منظر کو کیمرے کی آنکھ نے قید کر لیا۔

تاہم جیسے ہی اس منظر نے کمنٹری باکس میں موجود ہربھجن سنگھ کی توجہ حاصل کی، تو انہوں نے اداکاراؤں کی میچ کے حوالے سے سمجھ بوجھ پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔

انہوں نے بالی ووڈ کی اداکاراؤں کے بارے میں بے ساختہ کہا کہ یہی میں سوچ رہا تھا کہ بات کرکٹ کی ہو رہی ہو گی یا پھر فلموں کی، کیونکہ کرکٹ کے بارے میں تو میں جانتا نہیں کہ انہیں کتنی سمجھ ہو گی۔

سابق کھلاڑی کا اداکاراؤں کے بارے میں تبصرہ جیسے ہی سوشل میڈیا کی زینت بنا، صارفین نے ہربھجن کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کیا کمنٹری باکس میں بیٹھے دیگر لوگ انہیں صرف فیلڈ میں موجود کھلاڑیوں تک محدود نہیں رکھ سکتے، عورتوں سے نفرت کا اظہار کرنا ضروری ہے؟

ایک اور صارف نے کڑی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ بربھجن سنگھ سوشل میڈیا پر 24 گھنٹے سابق و ساتھی کرکٹرز کو لے کر صرف روتے نہیں بلکہ اپنے تبصرے میں انہوں نے آج عورتوں سے نفرت کا اظہار بھی کیا ہے۔