یوکرینی ملٹری انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ کو زہر دیدیا گیا

November 30, 2023

کیف( نیوز ڈیسک)یوکرینی فوج نے کہا ہےکہ اس کی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ کی اہلیہ کو زہر دے دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین ملٹری انٹیلی جنس کے ترجمان نے کہا کہ ان کے انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ ماریانا بڈانووا کو دھاتوں کے ذریعے زہر دیا گیا جن کا علاج جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ کو زہر دیے جانے کی تصدیق کرتے ہیں تاہم انہوں نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی کہ انہیں کب اور کس نے زہر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے ملٹری انٹیلی جنس چیف روس کے خلاف خفیہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں اپنے کردار کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں، رواں سال روسی سیکورٹی اداروں کی جانب سے ان پر 10 بار قاتلانہ حملوں کی کوشش بھی کی گئی ہے۔یوکرینی میڈیا کی جانب سے خاتون کو زہر دیے جانے کی اطلاع سب سے پہلے دی گئی جس پر روس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔روسی میڈیا کا کہنا ہےکہ ملٹری انٹیلی جنسی چیف کی اہلیہ کو زہر ان کی اندرونی لڑائی کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔