یوم ثقافت سندھ آج منایا جائے گا، سندھ میں بسنے والوں کا امن، محبت، بھائی چارگی پر یقین، میلے سجیں گے، ڈھول بجیں گے

December 03, 2023

سکھر +خیرپور+ڈھرکی(بیورو رپورٹ +نا مہ نگاران) یوم ثقافت سندھ آج منایا جائیگا،سندھ میں بسنے والوں کا امن، محبت، پیار، بھائی چارگی پر یقین ،میلے سجیں گے، ڈھول بجیں گے،سکھر۔یوم ثقافت سندھ کی مناسبت سے تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ نجی اسکولوں میں منعقدہ تقاریب میں طلبہ نے اجرک، ٹوپی اور سندھی ثقافت کی مناسبت سے لباس زیب تن کرکے ٹیبلوز پیش کئے۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ سندھ دھرتی کی قدیمی تہذیب کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سندھ میں بسنے والے تمام لوگ امن، آشتی، محبت، پیار، بھائی چارگی پر یقین رکھتے ہیں اور یہی ہماری تہذیب ہے، نئی نسل کو اپنی تہذیب سے آشنا کرنے کے لئے یوم ثقافت سندھ بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا۔ دوسری جانب مختلف تنظیموں کی جانب سے یوم ثقافت سندھ منانے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور سندھ کے مختلف شہروں کی طرح سکھر، روہڑی سمیت نواحی علاقوں میں آج اتوار کو یوم ثقافت سندھ جوش و جذبے سے منایا جائیگا۔خیرپور۔سندھی ثقافت کا دن منانے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی 3 دسمبر کو اتوار کے روز شہر کی سڑکوں پر سندھی ثقافت کے میلے سجیں گے ڈھول بجیں گے اور ایک سو سے زائد ریلیاں نکلیں گی تفصیلات کے مطابق خیرپور میں سندھی ثقافت دن منانے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں 3 دسمبر اتوار کے روز شہر کی سڑکوں پر میلے سجیں گے ڈھول بجیں گے نوجوان خوشی میں ناچیں گے اور سندھی ثقافت کے گیت گاتے ہوئے سڑکوں پر گھومیں گے سندھی ثقافت کا دن منانے والی تنظیموں کے ذرائع کے مطابق 3 دسمبر اتوار کے روز شہر کے مختلف علاقوں سے ایک سو سے زائد ریلیاں نکالی جائیں گی خاکی شاہ پل ، گاڑھی پل، اسٹیشن روڈ، ریلوے پھاٹک، لقمان چوک اور دیگر مقامات پر تقریبات منعقد ہوں گی مرکزی تقریب چھتری چوک پر ہو گی مرکزی تقریب سے سندھی ثقافت تنظیم کے کنوینر خان محمد خان اور دیگر خطاب کریں گے جبکہ سندھی ثقافت دن پر جسقم اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھی ریلیاں نکالی جائیں گی سندھی ثقافت دن کے سلسلے میں خیرپور شہر کے پنج گلہ چوک ، خاکی شاہ پل ، چھتری چوک ، لقمان چوک اور شہر کے دیگر علاقوں میں سندھی ثقافت کے اسٹال لگا دیئے گئے ہیں سندھی ثقافت کے اسٹالوں پر سندھی ٹوپی ، سندھی اجرک ، سندھی کھیس ، سندھی رلیاں اور دیگر اشیاء رکھی گئی ہیں سندھی ثقافت کے اسٹالوں پر خریداروں کی قطاریں اور رش لگ گیا ہے سندھی ثقافت کے اسٹال لگانے والوں کا نہایت بہتر کاروبار ہونے کے باعث وہ نہایت خوش نظر آرہے سندھی ثقافت کے اسٹال لگانے والے افراد کے مطابق سندھ میں سندھی ثقافت کے میلے روزانہ کی بنیاد پر لگنے چاہیئں تاکہ ان کا بہتر گذر بسر ہوتا رہے ۔