حب : فوڈاتھارٹی کی کارروائیوں میں7مراکز کو جرمانہ

December 07, 2023

کوئٹہ(خ ن)حب شہر میں قوانین کی خلاف ورزی پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ انڈسٹریز سمیت متفرق خوراک کے مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہیں، اس سلسلے میں حفظان صحت کے اصولوں اور وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر معروف فوڈ اینڈ بیوریجز انڈسٹری اور ایک بوٹلڈ واٹر پلانٹ سمیت 7 مراکز کے خلاف بی ایف اے حکام نے ایکشن لیتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کردئیے ۔جرمانہ کئے گئے دیگر مراکز میں 4 ہوٹلوں کے خلاف چائے کی تیاری میں ملاوٹی دودھ کے استعمال جبکہ ایک فوڈ پوائنٹ کے مالک کو صفائی کی ابتر صورتحال اور پکوان میں استعمال شدہ خراب کوکنگ آئل کے مسلسل استعمال پر جرمانہ کیا گیا ۔ دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے موبائل لیبارٹری کی مدد سے ملک سیمپلز کی آن دی اسپاٹ ٹیسٹنگ کی گئی ۔ بی ایف اے حکام کے مطابق مشہور فوڈ اینڈ بیوریجز انڈسٹری اور واٹر پلانٹ کے خلاف مقررہ اسٹینڈرڈ کے خلاف اشیاء کی پروڈکشن سمیت مختلف وجوہات پر ایکشن لیا گیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیم قلات زون بی ایف اے ہیڈ کوارٹر کی انسپکشن و موبائل ملک سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ حب کے مختلف علاقوں میں قائم چھوٹی بڑی فوڈ انڈسٹریز و خوراک کے مراکز کی انسپکشن کررہی ہیں تاکہ کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری و فراہمی کے تمام مراحل کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا سکے۔