عرشی شاپنگ مال میں آگ شہری اداروں کی غفلت کا نتیجہ، نگراں وزیر اعلیٰ

December 08, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ عرشی شا پنگ مال میں آتشزدگی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ شہری اداروں اور انکے افسران کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے ، سندھ حکومت رہائشیوں اور تاجروں کی مدد کرنے کی کوشش کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورے کے موقع پر کیا ، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کا تعین کیا جائے گا تاکہ انہیں کٹہرے میں لایا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام اہم عمارتوں کے محفوظ اور حفاظتی آڈٹ کو یقینی بنائیں گے تاکہ کوتاہیوں کو دور کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ رہائشیوں اور تاجروں کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ جب تک ایس بی سی اے عمارت کا معائنہ کر کے صورتحال کا اعلان نہیں کرتا تب تک کسی کو بھی خاکستر اپارٹمنٹس میں رہائش کی اجازت نہ دی جائے، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ افراد کیلئے کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے،اپارٹمنٹ کے مکینوں کو ایک ایک کر کے اپنے فلیٹ میں جانے اور اور اپارٹمنٹ کو تالا لگانے کی اجازت ہوگی، وزیراعلیٰ سے ملاقات میں متاثرہ افراد نے بتایا گیا کہ آگ سے 74 اپارٹمنٹس اور 130 دکانیں جل گئیں ۔