خلفائے راشدین کی سیرت ہی قیام امن کیلئے مشعل راہ ہے،سنی علماء کونسل

February 28, 2024

کوئٹہ (آن لائن)سنی علماء کونسل کوئٹہ کے صدر علامہ عبد الرحیم ساجد ، قاری محمد ایوب انصاری ، مولانا مقبول الرحمن شاہ ، مولانا فضل احمد صدیقی ، محمد آصف مینگل ،قاری نذیر احمد فاروقی ،شکیل احمد گجر ، میر عبدالمالک رند و دیگر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں خلافت راشدہ کا نظام نافذ کیاجائے، خلفائے راشدین کی سیرت اور کردار ملک میں امن وامان کے قیام کے لئے مشعل راہ ہے، صحابہ کرام کی خدمات تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر اوران کا اسوہ مینارہ نور ہے جسے اپنا کر پوری دنیا کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کی سیرت پر عمل کر کے ہی ملک سے بحرانوں،بے حیا ئی اور فحا شی کی یلغار کا خاتمہ ممکن ہے، خلفائے راشدین نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا اوران پر معاشرے سے بھی عمل کرایا اس وجہ سے بد امنی، کرپشن اور جہالت کا خاتمہ ہوا انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے کے لئے صحابہ کرام کی تعلیمات کو عام کر نا ہو گا ۔ خلفائے راشدین کی زندگی مسلمانوں کی فلاح وبہبود اورخدمات عالم اسلام کی قیادت کیلئے مشعل راہ ہے اور منافقوں کیخلاف جدوجہد کرنے کا درس دیتی ہے، دور خلافت سے رہنمائی حاصل کرکے امت مسلمہ کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔صحابہ کی سخاوت وفیاضی کے واقعات سے احادیث اور تاریخ کی کتابیں بھری پڑی ہیں اور اسلام کے حوالے سے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔