پنجاب میں مالی شٹ ڈاؤن کا خطرہ، ایک ماہ کیلئے 359 ارب کی منظوری

February 29, 2024

لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب میں مالی شٹ ڈائون کا خطرہ، پنجاب اسمبلی نے صوبے کے مالی معاملات چلانے کیلئے358ارب 94کروڑ روپے کے کے اخراجات کی منظوری دیدی، بجٹ تحریک مریم اورنگزیب نے پیش کی،اپوزیشن کی مخالفت ، نعرے بازی ، دستاویزات پھاڑ کر ایوان میں لہرا دیں۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوا ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی،مریم اورنگزیب نے آئین کے آرٹیکل 125کے تحت بجٹ تحریک پیش کی، جسےا سپیکر نے ضابطے کے مطابق قرار دیا ۔ ایوان کو بتایا گیا کہ تحریک میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات شامل ہیں ، مارچ کیلئے بجٹ کا بڑا حصہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کیلئے مختص ہے۔ جاری ترقیاتی اسکیموں کی ادائیگیوں کیلئے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔اپوزیشن نے تحریک پر اعتراض اٹھا یا، اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایک دوسرے کیخلاف نعرے لگاتے رہے ، خواجہ عمران نذیر اور ندیم قریشی کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔