افسران کی سرد جنگ کے باعث ڈائریکٹر نرسنگ کا دفتر ایک ہفتے سے بند

March 05, 2024

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) افسران کی سرد جنگ کے باعث ڈائریکٹر نرسنگ کا دفتر ایک ہفتے سے بند ہے جس سے نرسنگ کے داخلوں کی حتمیٰ فہرست تاخیر کا شکار ہو رہی ہے اور طلبا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت سندھ نے 21 دسمبر کو نجمیٰ منگی سے ڈائریکٹر نرسنگ کا لک آفٹر چارج لے کر کالج آف نرسنگ ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کی پرنسپل خیر النساء کو دیا تھا تاہم نجمیٰ منگی نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا اور عدالتی احکامات پر وہ اعلامیہ روک دیا گیا۔ اس سلسلے میں 27 فروری کو حکومت سندھ نے اعلامیہ جاری کیا جس کے تحت 21دسمبر کو دیا گیا چارج روک دیا گیا اور نجمیٰ منگی کا ڈائریکٹر نرسنگ کا چارج بحال ہو گیا تاہم اس کے باوجود ڈائریکٹر نرسنگ کا دفتر 27 فروری سے بند ہے۔ جنگ کے استفسار پر نجمیٰ منگی کا کہنا تھا کہ وہ بارہاخیر النساء سے کہہ چکی ہیں کہ چارج دے کر تمام امور ان کے حوالے کریں لیکن تاحال انہیں چارج نہیں دیا گیا، کمرےپر بھی تالہ ہے مجبوراً وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے کمرے میں بیٹھ کر امور سرانجام دے رہی ہیں ۔ خیر النساء کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ لک آفٹر چارج کی ہینڈنگ ٹیکنگ نہیں ہوتی، دفتر کی چابیاں ڈائریکٹوریٹ میں موجود ہیں جنہیں نجمیٰ منگی حاصل کر سکتی ہیں لیکن انہوں نے دفتر پر اپنا تالہ لگا کر اسے سیل کر رکھا ہے۔