نیلور نسل کی گائے کی مہنگی ترین نیلامی کا نیا ریکارڈ قائم

April 01, 2024

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

برازیل میں منعقد ہونے والے لائیو اسٹاک آکشن میں نیلور نسل کی گائے ویاتینا 19 فائیو مارا ایموویس اب تک کی سب سے مہنگے داموں فروخت ہونے والی گائے بن گئی ہے۔

برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو کے شہر آرانڈو میں ہونے والے لائیو اسٹاک آکشن میں نیلور نسل کی گائے 48 لاکھ امریکی ڈالرز میں نیلام ہوئی اور یہ قیمت پاکستانی کرنسی کے حساب سے ایک ارب سے زائد بنتی ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ سال بھی نیلور نسل کی گائے دنیا کی مہنگی ترین گائے قرار پائی تھی جو 43 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئی تھی۔

نیلور نسل کی گائے کی خصوصیات

نیلور نسل کی گائے اپنی چمکیلی سفید کھال اور کندھوں کے اوپر مخصوص کوہان کے لیے جانی جاتی ہے، گائے کی اس نسل کا تعلق بھارت سے ہے لیکن یہ برازیل میں پائی جانے والی گائے کی اہم ترین نسلوں میں سے ایک بن گئی ہے۔

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے نیلور ضلع کے نام سے منسوب ان مویشیوں کو سائنسی طور پر بوس انڈیکس(Bos indicus) کے طور پر درجہ بندی دی گئی ہے اور یہ بھارت کے مضبوط اور موافقت پذیر اونگول مویشیوں کی نسل سے ہیں۔

برازیل میں اونگول مویشیوں کا پہلا جوڑا 1868ء میں متعارف کروایا گیا جس کے بعد ملک میں اس نسل کے پھیلاؤ کا آغاز ہوا۔

نیلور نسل کی گرم درجہ حرارت میں پھلنے پھولنے کی صلاحیت، اس کے مؤثر میٹابولزم اور انفیکشن کے خلاف مزاحمت نے مویشی پالنے والوں میں اس کی اہمیت کو بڑھایا ہے۔

ویاتینا 19 فائیو مارا ایموویس کی اہمیت اس کی انفرادی قدر سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ اس کے جینیاتی مواد کے بارے میں یہ توقع کی جاتی ہے کہ اس سے پیدا ہونے والی نئی نسل میں تمام اعلیٰ خصوصیات برقرار رہیں گی۔