ادارہ نورحق میں روایتی عید ملن کا انعقاد، غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی

April 13, 2024

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کی جانب سے عید الفطر اہل غزہ کے مظلوم ونہتے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائی گئی،یکم شوال کو ادارہ نورحق میں روایتی عید ملن کا انعقاد ہوا جس میں مرکزی،صوبائی اور کراچی کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا،نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ٰنے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے عید الفطر اہل غزہ و فلسطین کے شہداء کے نام کی ہے،80فیصد سے زائد غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے،اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے کیے کوئی تیار نہیں ہمیں اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عملی اور ٹھوس اقدامات کریں، انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، کراچی کے عوام نہ کچے اور نہ ہی پکے کے ڈاکوں سے محفوظ ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلح اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے راست اقدامات کیے جائیں،عید ملن میں مرکزی نائب امراء راشد نسیم،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی،صوبائی ذمہ دار اور دیگر موجود تھے ،اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم محمد آبش کی قیادت میں جمعیت کے وفد جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی برادری کے وفد نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن ودیگر رہنماؤں سے ادارہ نورحق میں ملاقات کی اور عید الفطر کی مبارکباد دی۔