ایران کا حملہ، اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازوں کا طویل ترین روٹ

April 15, 2024

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کے بعد کراچی کیلئے ترکش ایئر کی پرواز درمیان راستے سے واپس چلی گئی تھی جبکہ اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازوں نے طویل ترین روٹ اختیار کرنا شروع کردیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ٹی کے 708کو عراق کی فضائی حدود سے واپس استنبول بلوایا گیا۔ یہ پرواز اتوار کی دوپہر طویل راستے سے ری شیڈول کی گئی کراچی سے ترکش ایئر کی پرواز پی کے 709کی کراچی سے اسلام آباد، تاجکستان، ترکمانستان، آذربائیجان جارجیا کے راستے آپریٹ کی گئی۔ ترکش ایئر کی پروازیں اسلام آباد، لاہور، بنگلہ دیش، تھائی لینڈاور بھارت کیلئے بھی تاجکستان ترکمانستان کا طویل ترین روٹ اپنا رہی ہیں ۔ ایران کے اسرائیل پر حملے کی وجہ سے ترکش ایئر کا فلائٹ اپریشن درہم برہم ہوا اور بھارت، بنگلہ دیش، ایران، عراق، چین اور کئی ملکوں کی پروازیں درمیان راستے سے واپس ہوئیں۔