دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ہیومن، ٹیکنالوجی اور فنانشل انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید مضبوط بنانا ہوگا

April 15, 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکا ر کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبائی حکومت کو اپنی حالیہ سفارشات میں کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے اور اس حوالے سے معلومات کیلئے ہیومن انٹیلی جنس (HUMINT) ٹیکنالوجی انٹیلی جنس (TECHINT)اور فنانشل انٹیلی جنس (FININT) نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنا نا ہوگا۔’’را‘‘ اور دیگر پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارروائیاں، داعش اور قوم پرستوں کا دہشتگرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ خطرہ ہو سکتے ہیں ،ٹی ٹی پی ،BLA چینی شہریوں،القاعدہ غیر ملکی سفارتخانوں اور قونصلیٹس کو ٹارگٹ کر سکتی ہے، دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس فیوژن فریم ورک قومی سلامتی کے معاملات جیسے کہ دہشت گردی کے مقامی، علاقائی اور قومی خطرے کے تجزیے سے آگاہ کرنے، رہنماؤں کو مطلع کرنے اور دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی خطرے سے بچاؤ کی کوششوں کی حمایت کرنے کے لیے معلومات اکٹھا، تجزیہ اور شیئر کر سکتا ہے۔ سی ٹی ڈی کی طرف سے یہ سفارشات اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی پیش کی گئیں۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبائی حکومت کو اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ ’’را‘‘ کے علاوہ دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں ، ٹی ٹی پی اور بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے) سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں سے چینی باشندوں اور سیاسی لیڈرشپ سمیت دیگر ہائی ویلیوڈ ٹارگٹس کو محفوظ رکھنے کے لئے سیکورٹی آڈٹس ، کالعدم تنظیموں اور افراد (فورتھ شیڈول میں شامل افراد) کی سرویلنس ، زیادہ سے زیادہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز/کومبنگ آپریشنز اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور موٹرویز کو مضبوط بنانا ہوگا۔ سی ٹی ڈی نے خبر دار کیا کہ مستقبل میں خصوصی طور بارڈر ایریاز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اضافے، ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کے درمیان گٹھ جوڑ ، ’’را‘‘ اور دیگر ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تخریبی کاروائیاں، داعش کے منتشر عناصر اور قوم پرستوں کا دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ خطرہ ہو سکتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب سے متعلق 2024 کے آغاز سے اب تک(گزشتہ تین ماہ کے دوران) تھریٹس موصول ہوئے جن میں سے 24ٹی ٹی پی، 4دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں، 2لشکر جھنگوی/ ایس ایس پی، 1زین بریگیڈ، 2بی ایس این اور دو دیگر ذرائع سے موصول ہوئے۔ بلوچستان لبریشن آرمی حب (بلوچستان ) میں سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کے لئے پلان بنا رہی ہے اور اس حوالے دہشت گرد تنظیم نے وہاں پراجیکٹس 90روز میں بند کرنے کے لئے وارننگ دے رکھی ہے۔ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو ٹارگٹ کرنے جبکہ القاعدہ اپنے ہم خیال عناصر سے ملک کر پاکستان میں غیر ملکی سفارتخانوں اور قونصلیٹس کو ٹارگٹ کر سکتی ہے۔