فرانس اور برازیل کا دولت مند پر نیا ٹیکس لگانے پر غور

April 16, 2024

--- فائل فوٹو

فرانس اور برازیل دنیا کی امیر شخصیات پر نیا ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔

خیال ہے کہ دنیا کے 3 ہزار امیر ترین افراد پر اگر نیا ویلتھ ٹیکس لگایا جائے تو اس سے 250 ارب ڈالرز سلانہ اکٹھے کیے جا سکتے ہیں۔

یورپین ٹیکس آبزرویٹری نے برازیل کی جی 20 صدارت کو یہ تجویز پیش کی تھی، جس کو لیکر فرانس اور برازیل کے وزرائے خزانہ کل (بدھ 17 اپریل کو) واشنگٹن میں ملاقات کریں گے۔

اس ملاقات میں دونوں وزرائے خزانہ دنیا کے امیر ترین افراد پر ٹیکس لگانے کے لیے دیگر عالمی اقدامات کا خاکہ بھی پیش کریں گے۔

ان نئے اقدامات میں جی 20 ممالک کے ٹیکس حکام کے درمیان مزید معلومات کا اشتراک، ٹیکس دہندگان کے لیے شفافیت کی سخت ذمہ داریاں اور امیر لوگوں کی جانب سے ٹیکس اکٹھا کرنے والے حکام کو دھوکا دینے سے روکنے کے لیے نئی شقیں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ اس ٹیکس کی کم از کم شرح 2 فیصد ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ اگر اس شرح سے دنیا کے 3 ہزار دولت مند افراد پر دولت ٹیکس لگایا جائے تو اس سے 250 ارب ڈالرز کی نئی آمدنی پیدا کی جا سکتی ہے۔