انصاف نہیں کرسکتے تو عدالتیں بند کردیں، شہری کی والدہ کی دہائیاں

April 17, 2024

کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ کراچی میں لاپتہ بیٹے کے کیس کی پیروی کیلئے وہیل چیئر پر آئی بزرگ خاتون بے ہوش ہو گئیں، شوہر پانی ڈال کر خاتون کو ہوش میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری سمیر آفریدی کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سندھ اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو طلب کر لیا۔عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔عدالت نے کہا کہ جب جبری گمشدگی کا تعین ہو چکا تو بتایا جائے کہ بندہ کس ادارے کے پاس ہے؟لاپتہ شہری کی بزرگ والدہ نے کمرہ عدالت میں دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ اگر انصاف نہیں کر سکتے اور سچائی سامنے نہیں لا سکتے تو عدالتیں بند کر دیں۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ ہماری ہمدردی آپ کے ساتھ ہے، عدالت آپکے بیٹے کی بازیابی کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ سمیر آفریدی جبری طور پر لاپتہ ہے، جس کا جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس اجلاس میں تعین ہو چکا ہے۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کہاں ہے؟