ہیموفیلیا کے مریضوں کو مطلوبہ سہولتیں مہیا کی جائیں، ڈاکٹر ثاقب انصاری

April 17, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )معروف ماہرِ امراضِ خون اور عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے کہا ہے کہ ہیمو فیلیا ایک موروثی بیماری ہے،پاکستان میں پندرہ سے بیس ہزار بچے اس مرض کا شکار ہیں، ہیموفیلیا کی روک تھام کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر مریضوں کو مطلوبہ سہولیات مہیا کرنے کے ٹھوس قدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیمو فیلیا کے کے عالمی دن کی مناسبت سےپاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن ،چلڈرن ہسپتال اور عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے اشتراک سے چلڈرن ہسپتال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرض کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے، پاکستان میں یکساں محفوظ خون جوکہ ہیپاٹائٹس بی، سی Hiv ایڈز Syphilis اور ملیریا جیسی مہلک بیماریوں سے پاک ہو کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔سیمینار سے ڈاکٹر مصباح منیر،ڈاکٹر کلیم خان،ڈاکٹر ریحان،ڈاکٹر ارم،افشین ذیشان اور دیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے۔