پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے منفی اثرات پڑینگے، صنعتکار سائٹ

April 18, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سائٹ کراچی کے صنعتکاروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری و پیداواری لاگت میں مزید اضافے کی صورت میں صنعتوں پر اس کے براہ راست منفی اثرات مرتب ہوں گے،سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے اس اقدام کو صنعت و معیشت کے لیے افسوسناک قرار دیا ہے ،انھوں نےوزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر پندرہ دن بعد پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں بصورت دیگر پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے صنعتیں چلانا انتہائی دشوار ہو جائے گا۔انہوں نے وزیرعظم سے اپیل میں مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے صنعتیں چلانا تو دور کی بات معمولات زندگی گزارنا محال ہوگیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں جبکہ کاروباری و پیداواری لاگت میں مزید اضافے کی صورت میں صنعتوں پر اس کے براہ راست منفی اثرات مرتب ہوں گے۔