ڈاکوؤں کی فائرنگ، راہگیر خاتون جاں بحق، شہریوں کے تشدد سے ڈاکو ہلاک

April 18, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جعفر طیار سوسائٹی میں لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہگیر خاتون جاں بحق جبکہ شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود جعفر طیار سوسائٹی امامیہ امام بارگاہ کے قریب موٹرسائیکل سوار تین مسلح ڈاکو ڈکیتی کی واردات کر رہے تھے کہ عوام نے انہیں گھیر لیا اس موقع پر2 ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ ایک ڈاکو کوعوام نے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پرہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق فرار ہوتے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہگیر خاتون 45سالہ شاہد ہ زوجہ اقبال جاں بحق اورنوید حسین ولد ذاکر زخمی ہوگیا،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیاجہاں پر ڈاکو کی شناخت اسرار شریف کے نام سے ہوئی ہے جو ملیر بن قاسم کا رہائشی تھا۔جبکہ واقعے میں جانبحق ہونے والی شاہدہ غیر شادی شدہ تھی آبائی تعلق لودھراں پنجاب سے تھا،چند ماہ قبل پھوپھی کے ہمراہ کراچی آئی تھی اور قریبی آبادی کی رہائشی تھی،ایک اسکول میں آیا کاکام کرتی تھی، واقعے کے وقت قریب سے گذر رہی تھی۔ایس ایس پی ضلع ملیر نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کے تعاقب کیلیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔