بچوں کیلئے سگریٹ نوشی پر پابندی احسن اقدام ہے، ڈاکٹر طاہر محمود

April 21, 2024

لوٹن (نمائندہ جنگ) معروف کشمیری لوٹن ایوارڈ یافتہ جی پی ڈاکٹر طاہر محمود نے بچوں کے لیے تمباکو نوشی پر برطانیہ کی پہلی پابندی کا خیر مقدم کیا ہے ایک خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی آپ کے بچے کے پھیپھڑوں اور دماغ کی نشوونما کو نقصان پہنچاتی ہے اور یہ نقصان بچپن اور نوعمری تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی حمل اور پیدائش کے دوران غیر معمولی خون بہنے کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ بچے بہت جلد نشے کے عادی ہو جاتے ہیں۔ نوجوانوں میں تمباکو نوشی کرنے والوں میں افسردگی اور اضطراب اور بے چینی کی کیفیات پیدا کرتی ہے۔ تمباکو نوشی 15 قسم کے کینسر کا باعث بھی بنتی ہے۔ سگریٹ نوشی کی طرح ویپنگ کا تعلق ڈی این اے کی تبدیلیوں سے بھی ہے جو پھیپھڑوں کے کینسر کا باعث بنتے ہیں۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہر محمود اس وقت بچوں، نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کے لیے لوٹن کلینکل لیڈ ہیں جو ایک اہم ذمہ داری ہے اور بچوں میں دمہ کے لیے BLMK لیڈ بھی ہیں ۔ ان کی طب کے شعبے کے علاوہ سماجی شعبہ میں بھی قابل ذکر خدمات ہیں۔ _ حال ہی میں آپ نے ایک خیراتی ادارے کے ذریعے غزہ کے ضرورت مند افراد کے لیے ادویات اور علاج کے ضمن میں ذاتی طور پر خطیر مدد بھیجی ہے۔