عمران خان کو جیل سے رہا کرکے ہی دم لیں گے، عاطف حلیم

April 21, 2024

پشاور(جنگ نیوز)جانثاران عمران خان نے پیر کو سٹیٹ بینک آف پاکستان پشاور کے سامنے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی رہائی کیلئے غیر معینہ مدت کیلئے احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر جانثاران عمران خان کے رہنما ؤں نے کہا کہ بس اب بہت ہوگیا مزید صبر نہیں کرسکتے ہیں عمران خان کو جیل سے رہا کرکے ہی دم لیں گے انہوں نے مزید کہا کہ جب تک بانی چیئرمین عمران خان کو رہانہیں کیاجاتا تب تک اپنا دھرنا جاری رکھیں گے۔جانثاران عمران خان کے رہنماؤں نے کہا کہ اب عمران خان کی جیل سے رہائی کیلئے ہر کسی کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا صرف سوشل میڈیا پر باتوں سے اب آگے کا سوچا جائے۔چیئرمین جانثاران عمران خان محمد عاطف حلیم نے کہا کہ جب تک عمران خان کو رہا نہیں کیاجاتاتب تک ملک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے کیونکہ عمران خان ہی ہے جو اس قوم کے مشکلات حل کرکے اپنے پیروں پر کھڑا کرسکتاہے۔