لیاقت آباد میں بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے، بدترین ٹریفک جام

May 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاقت اباد میں بجلی کے ستائے سڑکوں پر نکل آئے ،مظاہرین نے سہراب گوٹھ سے لیاقت اباد اور ناظم آباد سے لیاقت آباد آنے والی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کے باعث سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات نو بجے سے جانے والی بجلی اب تک بحال نہیں ہو سکی ،لیاقت آباد نمبر ایک، دو تین اور چار میں روزانہ 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے ،لیاقت آ باد ڈاک خانہ،نیرنگ روڈ، جھنڈا چوک اور فرنیچر مارکیٹ کے اطراف میں بجلی کی سپلائی منقطع ہے،دریں اثناگلشن معمار میں پانی، بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف ریمبو سینٹر کے قریب ڈاکٹر طارق غوری روڈ کے الیکٹرک دفتر کے سامنے علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی،شدید گرمی میں ٹریفک میں پھنسے رہنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید ازیت کا سامنا کرنا پڑا،پولیس نے ٹریفک کو متبادل روٹس کی جانب موڑا ، مزاکرات کے بعد احتجاج ختم کروایا۔