5 دہائیوں بعد پہلی بار مودی حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کردی

May 27, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں 5 دہائیوں بعد مودی حکومت نے پہلی بار آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کردی ، کابینہ نے جنرل منوج پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ، مودی حکومت سینارٹی پر نائب آرمی چیف جنرل دویدی کی بجائے مرضی کا آر می چیف لانے کی خواہاں ، جنرل دویدی اور ان کے جونیئر اجے کمار سنگھ دونوں 30 جون کو ریٹائر ہورہے ہیں ، اجے سنگھ فیورٹ قرار، اپوزیشن رہنما اور مسلمان رکن اسمبلی اسد الدین اویسی نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوج کو سیاست سے دور رکھے ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران آرمی چیف کی مدت میں توسیع ناپسندیدہ فیصلہ ہے ،اپوزیشن رہنما اور نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کا کہنا ہے کہ مودی ملک کو آمریت کی طرف لے جارہے ہیں ، اپوزیشن رہنماؤں کو جیل میں رکھ کر الیکشن منیج کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق انڈیا میں پانچ دہائیوں بعد پہلی بار کسی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ہوئی ہے ، 1970میں اندرا گاندھی کی حکومت نے اس وقت کے آرمی چیف کو ایک برس کی توسیع دی گئی تھی ، انڈین نیوز ویب سائٹ دی پرنٹ کے مطابق مودی حکومت سینئر ترین آرمی کمانڈر اور موجودہ نائب سربراہ کی جگہ ان سے جونیئر کو آرمی چیف بنانے کی خواہاں ہے ، اس وقت سینئر ترین کمانڈر نائب آرمی چیف اپینڈرا دیودی ہیں تاہم مودی ان کی بجائے ممکنہ طور پر لیفٹننٹ جنرل اجے کمار سنگھ کو آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں ۔ دی پرنٹ کے مطابق نائب آرمی چیف دویدی اور سدرن کمانڈر اجے سنگھ دونوں ایک ہی روز یعنی 30جون کو ریٹائر ہورہے ہیں اور ممکنہ طور پر مودی حکومت اجے سندھ کو ان کی مدت ملازمت ختم ہونے کے آخری روز آرمی چیف تعینات کرسکتی ہے ۔ جنرل دویدی کو رواں برس فروری میں نائب آرمی چیف تعینات کیا گیا تھا کیوں کہ آرمی چیف منوج پانڈے کے بعد فوج میں وہ ہی سب سے سینئر ترین شخصیت تھے ۔ دی پرنٹ کے مطابق کئی روز سے یہ چہ مگوئیاں تھیں کہ مودی حکومت دیودی کو آرمی چیف تعینات نہیں کرے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بات تو طے ہوگئی ہے کہ مودی حکومت آرمی چیف کی تعیناتی سینارٹی پرنہیں کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن اور کوڈ آف کنڈیکٹ دونوں ہی موجودہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا باعث بنے ہیں ۔ قبل ازیں بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق وزارت دفاع نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ کی تعیناتیاں کرنے والی کمیٹی نے 26 مئی کو آرمی رولز 16 اے (4) کے تحت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج سی پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ وہ 31مئی کو ریٹائرڈ ہو رہے تھے لیکن اب وہ اس عہدے پر 30جون تک کام کریں گے۔ جنرل پانڈے نے اپریل 2022میں بھارتی فوج کی قیادت سنبھالی تھی جبکہ اس سے قبل وہ آرمی سٹاف کے نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔6مئی 1962کو پیدا ہونے والے جنرل پانڈے دو سال سے زیادہ عرصے تک 29 ویں آرمی چیف رہے ہیں۔بھارتی آئین کے مطابق سروس چیفس کی مدت تین سال ہوتی ہے یا وہ 62 سال کے ہونے تک خدمات انجام دیتے ہیں۔نائب سربراہ کا چارج سنبھالنے سے پہلے پانڈے کولکتہ میں واقع ایسٹرن کمانڈ کی سربراہی کر رہے تھے۔ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے سابق طالب علم، پانڈے کو دسمبر 1982 میں کور آف انجینئرز میں کمیشن دیا گیا تھا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ پلاں والا سیکٹر میں آپریشن پاراکرم کے دوران ایک انجینئر رجمنٹ کی کمانڈ بھی کی۔