برشورتوبہ کاکڑی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے‘ نصراللہ کاکڑ

May 28, 2024

کوئٹہ(پ ر)آل مشترکہ بلوچستان بس اور مزدا اونرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی نصراللہ کاکڑ نے بیان میں کہا ہے کہ پشین ، برشور، توبہ کاکڑی میں روزانہ چار سو کے قریب بسیں، مزدا اور منی ویگنیں آتی جاتی ہیں۔ ان علاقوں میں سڑک کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری سے ٹرانسپورٹرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کاریزات پسماندہ ضلع اور پہاڑی علاقے پر مشتمل ہے ۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں ، مگر بدقسمتی سے ضلع پشین سے منتخب نمائندوں نے علاقے کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔قلعہ حاجی خان سے لیکر نیوی کلی صدابورہ روڈ پر پتھر پڑے ہوئے ہیں ۔اکثر پلوں سے سریا نکال لیا گیا ، مذکورہ روڈ پر دو گھنٹے کا سفر سات گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔ حالیہ بارشوں کیوجہ سے روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔