جنوبی افریقا کی ٹیم نیپال کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچ گئی

June 16, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیپال کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچ گئی۔جنوبی افریقا نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی اور چوتھی جیت کے ساتھ سپر ایٹ میں پیش قدمی جاری رکھی۔جنوبی افریقانے مقررہ20اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر115رنز بنائے، جواب میں نیپال کی ٹیم7وکٹیں کھو کر114رنز بنا سکی۔کنگسٹن میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔پروٹیز کی پہلی وکٹ22رنز پر گرنے کے بعد مارکرم اور ہینڈرکس نے46رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اسکور کو 68رنز تک پہنچایا، تاہم اس موقع پر کپتان ہمت ہار بیٹھے اور 15رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد وقفے وقفے سے جنوبی افریقاکی وکٹیں گرتی رہیں اور ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 115رنز بنا سکی۔نیپال کی جانب سے کوشل بھرٹل نے 4 اور دیپندرا سنگھ نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں نیپال نے ابتدا محتاط اور اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 99رنز بنالیے اور اسے 15گیندوں پر 16رنز کی ضرورت تھی، مگر پھر وکٹوں کی لائن لگ گئی، پروٹیز نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے اچھی بولنگ کی ۔آخری اوورز میں نیپال کو 8اور آخری گیند پر 2 رنز کی ضرورت تھی مگر آخری لمحات میں نیپال کی ٹیم نے جیتا ہوا میچ گنوادیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے، جبکہ اینریچ نوکیا اور ایڈن مارکرم نے ایک، ایک وکٹ لی۔