شوز پر پابندی‘ پشاور کے فنکار اسلام آباد میں کام کرنے پر مجبور

June 16, 2024

پشاور (جنگ نیوز)نشترہال میں عید پر شوز کی اجازت نہ ملنے پر پشاور کے فنکار عیدالفطر پر مجبوراً اسلام آباد میں فن کا مظاہرہ کریں گے۔عید کے دوسرے دن شکر پڑیاں میوزیکل شو’’عید یاراں نال‘‘پیش کیا جائے گا جس میں روزانہ دو شوز ہونگے ۔شو میں وصال خیال ‘ ریما خان‘ اکبر علی ‘مسعود خان ‘ کائنات بے بو ‘پنجاب سے شبنم اور ذائقہ خان فن کا مظاہرہ کریں گے۔ معروف اداکار و میزبان سجاد خلیل نے کہا کہ نشترہال کا برا حال نہ ہوتا تو ہمیں اسلام آباد جانے کی ضرورت نہ پڑتی لیکن 2018ء سے واحد ثقافتی مرکز میں ہمیں شوز کرنے کی اجازت نہیں مل رہی جس سے ایک طرف مقامی فنکاربے روزگار ہوگئے ہیں تو دوسری جانب قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ ہال کے منتظمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں اس لئے اگر وہاں شوز ہوں یا نہ ہوں انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اگر اس ہال کو فنکاروں کے حوالے کیا جاتا تو ایک جانب فنکاروں کو کام میسر ہوتا تو دوسری جانب حکومت کو بھی فائدہ پہنچتا لیکن موجودہ صوبائی حکومت فنکاروں کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے جس کی وجہ سے حالات دن بدن بدتر ہوتے جارہے ہیں ۔