جے یو آئی نے فنانس بل میں 3 بڑی ترامیم پیش کردیں

June 17, 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ، خصوصی تجزیہ نگار) جمیعت العلمائے اسلام (فضل الرحمٰن ) نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے فنانس بل میں تین بڑی ترامیم پیش کردی ہیں ، جے یو آئی کے پشاور سے رکن اسمبلی حاجی نور عالم خان نے ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا ہے کہ حکومت عوام کی خیرخواہی کا دم بھرنےکا دعویٰ کرتے نہیں تھکتی اور اس حوالے سے آئے روز بلند آہنگ دعوے کئے جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کی تجاویز کے ذریعے تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس میں اضافے ، پیٹرول پر لیوی بڑھانے اور سولر پینلز پر ٹیکس عائد کرنے کی مزاحمت کی گئی ہے ۔ اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کی جیب پر پڑنے والے اس ناقابل برداشت بوجھ کو بجٹ تجاویز سے خارج کردیا جائے۔ جمیعت العلمائے اسلام کے پشاور سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی حاجی نورعالم خان نے قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ میں نوٹس دائر کردیا ہے ۔ جس میں فنانس بل میں ان تبدیلیوں کا تقاضا کیا گیا ہے ۔ سیکریٹیریٹ نے نوٹس وفاقی وزارت خزانہ کو ارسال کردیا ہے ۔ حاجی نور عالم نے کہا کہ ٹیکس تجاویز پر مرتب کرتے ہوئے حکومت اپنے دعوؤں اور وعدوں کو یکسر بھول جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا پہلے سے بوجھ کم ہے جو ان تجاویز میں ان پر بطور خاص نئے ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں ۔ سرکاری اور غیر سرکاری ملازمین پر عائد متذکرہ اس نئے ٹیکس کو کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ۔ جمیعت العلمائےاسلام نے عوام سے راحت رسانی کا وعدہ کررکھا ہے وہ کسی بھی نئے اور ظالمانہ ٹیکس کو نافذ نہیں ہونے دیں گے۔