اظہر محمود بھی الزامات لگانے والوں پر برہم، نوٹس بھیجنے کا اعلان

June 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بعدپاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود نے بھی الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے موڈ میں آگئے،اپنے بیان میں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، تمام الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ جھوٹےالزام لگا کرعوام کو گمراہ کرنے کا سلسلہ مایوس کن اور خطرناک ہے، شواہد کے بغیر بات کرنا جرم ہے،ایسے تمام لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ جھوٹےالزامات لگا کرسوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کا عمل ناقابل قبول ہے، مجھ پر اور میری فیملی پر بے بنیاد الزام لگانے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ اس سے قبل واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے بھی الزامات لگانے والے یوٹیوبرز اور سابق کھلاڑیوں کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کے فیصلے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔کپتان کے قریبی ذرائع کے مطابق بابر اعظم سابق کھلاڑیوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے مایوس ہوئے، ان کی جانب سے یوٹیوبرز اور سابق کھلاڑیوں کو لیگل نوٹس بھجوانے کا امکان ہے، بابر نے اس حوالے سے لیگل ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کا لیگل ڈیپارٹمنٹ بھی یوٹیوبرز اور سابق کھلاڑیوں کے بیانات کا ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے۔