کراچی (اسٹاف رپورٹر) مار دھاڑ اور سنسنی سے بھرپور10 واں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہفتے سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہوگا، 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے پہلے روزہفتے کو تین میچز ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم کولمبو میں اپنی مہم کا آغاز نیدر لینڈ کے خلاف کرے گی،میچ سنہالیز اسپورٹس کلب میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح10:30 بجے شروع ہوگا۔ دیگر میچز میں بھارت کا مقابلہ ممبئی میں یوایس اے اور ویسٹ انڈیز کا اسکاٹ لینڈ سے کولکتہ میں ہوگا۔ پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلہ دیش کے ساتھ یک جہتی کیلئے کھیلنے سے انکار کررکھا ہے۔ پاکستان کے گروپ میں نمبیا، نیدر لینڈ،اور امریکا بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں انگلینڈ میں ٹرافی اپنے نام کی تھی ۔ جبکہ 2007 میں جنوبی افریقا کے پہلے ورلڈ کپ میں رنر اپ رہا، بھارت نے ٹائٹل جیتا۔ بابر اعظم کی قیادت میں 2022 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو فائنل میں انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سلمان آغا اب تک 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی کپتانی کر چکے ہیں۔ جس میں سے 27 ٹی جیتے۔ ایشیا کپ 2025 کے بعد پاکستان نے 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 10 فتوحات حاصل کیں پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے جمعے کو کولمبو میں دو بھرپور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا، پاکستان اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 51 میچز کھیل کر 30 جیت چکا ہے۔ جمعہ کو پاکستانی کپتان سلمان آغا نے کولمبو میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پہلے میچز کا دباؤ نہیں، بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، تیسرے نمبر پر ہی بیٹنگ کروں گا، عثمان طارق ہمارے لیے ایکس فیکٹر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تیاری بہت اچھی ہے، پلان پر کام کرنا ہے۔ موسم ہمارے کنٹرول میں نہیں۔ عثمان طارق کے ایکشن میں کوئی ایشو نہیں، دو بارکلیئر ہو چکے، بس اب یہی رہ گیا ہے کہ اپنے گلے میں لکھ کر ڈال لیں میں کلیئر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے لیے بہت اہم ہیں وہ اپنے اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانے پر کام مسلسل کر رہے ہیں۔ ہم تینوں میچز جیتتے ہیں تو پھر ہمیں رن ریٹ کی زیادہ ضرورت نہیں۔ جو کمبی نیشن اچھا ہوگا وہی رکھیں گے، کوشش کرتے ہیں کہ کھیل سےہٹ کر بات نہ کریں۔ نیدرلینڈز کے بیٹر میکس او ڈاوڈ نے کہا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان مضبوط حریف ہے اس کو ہرانا مشکل ہے۔