کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) ٹاپ نوجوان پاکستانی اسٹار احسن رمضان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین انڈر 21 جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ یہ ان کا تیسرا عالمی ٹائٹل ہے۔ فائنل میں احسن رمضان نے اپنے ایرانی حریف شاہین سبزی کو با آسانی چار، ایک سے شکست دی۔ دوحہ ، قطر میں چیمپئن شپ کا فائنل یکطرفہ رہا جہاں احسن رمضان اور ایران کے شاہین سبزی مقابل تھے، احسن رمضان نے 57، 65 اور 54 کے شاندار بریک کے ساتھ ایرانی حریف کو با آسانی ہرا دیا۔ قبل ازیں سیمی فائنل میں احسن رمضان نے اپنے ہم وطن حسنین اختر کو سنسنی خیز مقابلے میں چار، تین فریمز سے زیر کیا۔ احسن رمضان نےسیمی فائنل میں 118، 84 اور 54 کے عمدہ بریک بھی کھیلے۔