پشاور(نامہ نگار)اداروں کی شفافیت معلومات تک رسائی کے قانون کے استعمال سے جڑی ہوئی ہے۔آر ٹی آئی مساوی شہریت کو فروغ دیتا ہے، عوام جتنا زیادہ اس قانون سے واقف ہونگے اور اس کا استعمال کریں گے، ادارے اتنے زیادہ کھلے اور شفاف ہوں گے۔ یہ قانون عوامی معاملات میں اداروں پر نگرانی کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ بات خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید سعادت جہاں نے منگل کے روز ایک غیر سرکاری تنظیم ʼسی پی ڈی آئی کی زیر نگرانی خیبرپختونخواہ انفارمیشن کمیشن کا دورہ کرنے والے سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ایک وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت سی پی ڈی آئی کی صوبائی کوآرڈینیٹر مسز ثروت جہاں نے کی۔ وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے سید سعادت جہاں نے کہا کہ معلومات تک رسائی کا قانون عوامی وسائل اور مواقع میں کرپشن کے خلاف ایک موثر ہتھیار ہے۔ یہ ایک ایسا ٹول ہے جو شہریوں کو تصدیق شدہ معلومات حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے۔ قانون کے استعمال سے عوامی معاملات میں شفافیت کیلئے دبائؤ پڑے گا۔