• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر اینیشیٹیو کے تحت آئی ٹی کورسز کرنیوالے کو بیرون ممالک ملازمتوں کی پیشکش

کراچی(نیوز ڈیسک) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کے قونصل جنرل نے پیشکش کی ہے کہ جو بھی بچہ گورنراینیشیٹو کے تحت آئی ٹی کورس مکمل کرے گا، اسے یہ اپنے ممالک میں ملازمتیں دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو آئی ٹی کا مرکز بنائیں گے ، انشاءاللہ سندھ آئی ٹی کے حوالہ سے مثالی صوبہ کہلائے گا ، صوبہ کی ترقی کے لئے ہم سے جو کچھ ہوا کریں گے کیونکہ ہم صوبہ کی ترقی چاہتے ہیں ، ہمارا ہدف 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی ماہر بناناہے۔ ان خیالا ت کاا ظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں منعقدہ تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل اور انٹر پرینیور آرگنائزیشن کراچی کے ممبران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے انٹر پرینیور آرگنائزیشن کی صدر یاسمین دادابھائی نے بھی خطاب کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ مختلف ممالک کے قونصل جنرل نے گورنرہاؤس میں زیر تربیت آئی ٹی کورسز کرنے والے بچوں سے ملاقاتیں کیں ہیں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور قونصل جنرل نے جب گورنرہاؤس کا دورہ کیا تھا تو اس وقت ہمیں بلینک چیک کے طور پر کہا تھا کہ آپ آئی ٹی ماہرین تیار کریں انہیں ہم اپنے ملک میں نوکریاں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جتنے بھی بچے آئی ٹی کورسز کررہے ہیں آج وہ اپنے مستقبل سے متعلق بالکل بھی پریشان نہیں ہیں انہیں یقین ہے کہ اس کورس کے بعد وہ بھی لاکھوں روپے ماہانہ کما سکتے ہیں اب جو بچہ بیرو ن ممالک یا اپنے پیارے وطن میں رہ کر کمانا چاہے وہ ایسا کر سکتا ہے لیکن جب ان بچوں کو اپنے وطن میں ہی لاکھوں روپے ماہانہ کمانے کے مواقع دستیاب ہیں تو پھر یہ بیرون ممالک کیوں جائیں گے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید