حیدرآباد، گرمی‘ لو اور حبس، مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے

July 23, 2024

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پیر کو شدیدگرمی ‘لو اورحبس کے باعث مزید9افراد جان کی بازی ہارگئے‘ ایدھی رضاکاروں کے مطابق لاشیں اے سیکشن‘ سائٹ‘ مارکیٹ‘ حالی روڈ اور فورٹ تھانوں سمیت سول اسپتال سے ان کے حوالے کی گئی ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن حیدرآباد کے انچارج معراج احمد نے کہاہے کہ ایک لاش اے سیکشن تھانے کی حدود لطیف آباد سے ملی تھی جبکہ ایک لاش سائٹ تھانے کی حدود ناراجیل کے قریب سے ایدھی رضاکاروں کے حوالے کی گئی ۔2لاشیں مارکیٹ پولیس نے جبکہ 3 لاشیں سول اسپتال انتظامیہ نے ان کے حوالے کی ہیں۔ ایک لاش حالی روڈ تھانے کی اور دوسری لاش فورٹ پولیس نے ایدھی رضاکاروں کے حوالے کی تھیں ‘ملنے والی لاشوں کو غسل اورکفن کے بعد ٹنڈویوسف قبرستان میںتدفین کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گذشتہ 15روز کے دوران حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے 17لاشیں ملی تھیں گذشتہ 20روز کے دوران ہلاک ہونے والی کی تعداد 26ہوگئی ہے۔