نیتن یاہو کا امریکی کانگریس سے خطاب، غزہ جنگ مخالفین کی احتجاج کی تیاری

July 23, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)غزہ جنگ میں اسرائیلی جارحیت سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکا کی اسرائیل کی حمایت کیخلاف واشنگٹن کے متحرک شہریوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کے کانگریس سے خطاب کے موقع پر احتجاج کرنے کی تیاری شروع کر دی ۔دس ماہ سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 39ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔یہ احتجاج کیپٹل ہل کے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ احتجاج امریکہ کی اسرائیلی جنگ کے لیے حمایت کے خلاف بھی ہو گا۔نیتن یاہو پہلے غیر ملکی ہوں گے جنہیں کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے چوتھے خطاب کا موقع ملے گا۔انہیں یہ موقع امریکی کانگریس کی طرف سے اس وقت دیا جا رہا ہے جب بین الاقوامی سطح پر قانون و انصاف کے دونوں بڑے ادارے اسرائیل اور نیتن یاہو کو جنگی جرائم اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا مرتکب قرار دے چکے ہیں۔واشنگٹن کی پولیس توقع کر رہی ہے کہ اس روز بڑی تعداد میں غزہ جنگ کے مخالفین اور شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے کے حامی کیپٹل ہل کے باہر مظاہرے کے لیے جمع ہو سکتے ہیں۔ اس لیے اضافی نفری اور انتہائی سکیورٹی انتظامات کی ضرورت ہوگی۔