اے ٹی ایف جونیئر ٹینس حالات ساز گار ہونے کے باوجود غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم شرکت

December 03, 2019

اشعر میر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوبلی انشورنس اے ٹی ایف انڈر 14 اینڈ انڈر سپر سیریز ٹینس چیمپئن شپ مسلسل دو ٹائٹل حاصل کرکے ڈبل کرائون مکمل کیا۔ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے کے باوجود اس انٹرنیشنل ایونٹ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم شرکت پاکستان ٹینس فیڈریشن کیلئے باعث تشویش اور فکر کا باعث ہوگی۔

پاکستان میں کھیلوں کے ساز گار حالات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سپر لیگ کرکٹ میں کئی غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اس کے ساتھ سری لنکا ٹیم نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کیلئے پاکستان کا رخ کیا اور ایک بار پھر سری لنکن ٹیم جس پر 2009ء میں لاہور میں حملہ بھی ہوا تھا۔ ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آرہی ہے۔ اس کے علاوہ کبڈی، اسنوکر اوردیگر کھیلوں میں غیرملکی کھلاڑی پاکستان کا رخ کررہے ہیں لیکن گزشتہ ہفتے اختتام پذیر ہونے والی جوبلی انشورنس ہوئے اے ٹی ایف انڈر 14 اینڈ انڈر سپر سیریز چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی تو شامل تھے لیکن ٹینس کا کوئی غیرملکی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔

جنگ نے سندھ ٹینس ایسو سی ایشن کے سینئر نائب صدر خالد رحمانی سے ایونٹ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم شرکت کے بارے میں استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں نے اس ایونٹ میں شرکت کیلئے انٹری کرائی تھی لیکن اخری وقتوں میں اپنا نام واپس لے لیا، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی کا کہنا تھاکہ ہم نے کراچی میں بہترین انداز میں یہ ایونٹ کرایا ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی ان میں سے کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ اشعر میر نے بوائز سنگلز فائنل میں مناہل قریشی زیر کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گلزار فیروز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ شمسی ٹینس اکیڈمی کے دائریکٹر نمیر شمسی نے کہاکہ شمسی ٹینس اکیڈمی ملک میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی جدو جہد کررہی ہے۔