تعمیرات کے جدید طریقے

October 09, 2020

تعمیراتی صنعت ٹھوس حل پیش کرنے والے تعمیر ات کے جدید طریقوںکو قبول کررہی ہےکیونکہ ان کی وجہ سے وقت اور لاگت میں کمی آتی ہے، ساتھ ہی پائیدار ی بھی حاصل ہوتی ہے۔ اگر یوں کہا جائے کہ ٹیکنالوجی نے گویا تعمیراتی صنعت میں انقلاب برپا کردیا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ آئیے تعمیرات کے جدید طریقوںپر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

پریکاسٹ فلیٹ پینل سسٹم

اس میں فرش اور دیوارکے یونٹس یا فلیٹ پینلز تعمیراتی سائٹ سے باہر فیکٹری میں تیار کیے جاتے ہیں اور پھر مضبوط ڈھانچے کی تشکیل کے دوران تعمیراتی سائٹ پر لگادیے جاتے ہیں۔ ان سلیب یا یونٹس کو ترتیب سے بچھانے یا لگانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پینلز میں سروسز، کھڑکیاں، دروازے اورفنشنگ اشیا شامل ہوسکتی ہیں۔ بوجھ سہارنے کی جہاں ضرورت ہو وہاں فیکٹر ی فٹڈانسولیشن اور آرائشی پینلز بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ اس طریقے کے تحت فیکٹری میں معیار اور درستگی پر توجہ دی جاتی ہے جبکہ سائٹ پر انہیں لاکر لگانے سے تعمیراتی رفتار تیز تر ہو جاتی ہے۔ اس طرح کی تعمیر کو عام طور پر کراس وال کنسٹرکشن کہا جاتا ہے ۔

3Dوالیومیٹرک تعمیرات

3Dوالیومیٹرک تعمیرات (اسے ماڈیولرکنسٹرکشن بھی کہا جاتا ہے) میں فیکٹری میں تھری ڈائمنشنل یونٹس یا ماڈیولز تیار کرکے ان کو نقل و حمل کے ذریعے تعمیراتی سائٹ پر پہنچایا جاتا ہے۔ ماڈیولز کو مختلف شکلوں میں سائٹ پر لایا جاسکتا ہے، جنہیں بنیادی ڈھانچے سے لے کر اندرونی اور بیرونی فنشنگ کے طور پر نصب کیا جاتا ہے۔ یہ ماڈیولز ان تعمیرات کیلئےبھی موزوں ہیں جہاں ایک ہی ڈیزائن بار بار دہرایا جاتا ہے، اس سے بھی تعمیری عمل میں تیزی آتی ہے۔ تعمیرات کا یہ جدید طریقہ کنکریٹ کے بنیادی فوائد جیسےگرمی، آواز اور آگ کے خلاف مزاحمت کا باعث ہوتا ہے ۔ اس میں بھی فیکٹری کا معیار اور درستگی اہم ہوتی ہے۔

ٹنل فارم

یہ ایک فارم ورک (سانچوں میں بنائے گئے بلاکس ) کا سسٹم ہے جوکنٹریکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر پتھرسےبنی ہوئی دیواریں اور سلیب تعمیر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس میں تعمیراتی سائٹ سے ہٹ کر یا فیکٹری میں تیار کردہ ریڈ ی مکسڈ کنکریٹ اور بلاکس کی رفتار، معیار اور درستگی کا امتزاج ملتاہے جبکہ لاگت بھی کم آتی ہے۔ تعمیرات کا یہ تیز رفتار طریقہ متواتر یا ترتیب سے لگائے جانے والے بلاکس یا پینلز والے پروجیکٹس کے لئے موزوں ہے جیسے ہوٹل، اپارٹمنٹ اور طلبا کے لیے ہاسٹل وغیرہ۔ یہ طریقہ بھی کنکریٹ کے بنیادی فوائد مثلاً سائونڈ پروف یا فائر پروف خصوصیات فراہم کرتاہے۔

ہموار سلیب

یہ سلیب بھی جدید فارم ورک کی وجہ سے بآسانی اور کم قیمت میں تیار ہو جاتے ہیں۔ سائز میں بڑے ہونے کی وجہ سے سلیب کی تنصیب میں وقت کم لگتا ہے اور تعمیراتی کام بھی آسان ہوجاتاہے۔ وقت کی بچت کے علاوہ ہموار سلیب کی تیاری سے افقی یاعمودی تنصیب اور پارٹیشن کی بھی کوئی پابندی نہیں ہوتی۔ ساتھ ہی اسٹرکچر میں ہونے والی تبدیلیوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لئےان کی اندرونی ترتیب کو بآسانی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ہموار سلیب پتلے ہوتے ہیں، اس لیے انہیں اٹھانے یا لگانے میں مزدوروں کو مشکل پیش نہیں آتی۔

ہائبرڈ کنکریٹ کی تعمیر

ہائبرڈ کنکریٹ کا مطلب ہے کہ پریکاسٹ اور پہلے سے بنے بنائے بلاکس کو مخصوص طریقے سے ملا دیا جائے ۔ یوں سمجھیں کہ پہلے سانچوں میں سلیب تیارکرکے لگائے جاتے ہیں، پھر دیوار کھڑی کرتے وقت ہائبرڈ فریمز فٹ کر کے ا س میں کنکریٹ کا مٹیریل ( یاسلیب بنانے والا مٹیریل ) ڈال دیا جاتاہے اور بعد میں ان سانچوں کوہٹا لیا جاتاہے، یوں آپ کو دیوار کھڑی مل جاتی ہے۔ ہائبرڈ فریمز کے استعمال کے نتیجے میںتعمیرات میںدوسرے طریقوں سے زیادہ رفتار اور معیار ہوتا ہے جبکہ لاگت بھی کم آتی ہے۔

بلاکس کیلئے کم مسالہ

راج مستری پہلے دیواراٹھاتے ہوئے بلاک یا اینٹوں کے درمیان 10ملی میٹر کا مسالہ بھرتے تھے۔ تاہم، اب نیا طریقہ اس کی تہہ کو کم کرکے صرف 3ملی میٹر یا اس سے بھی کم کرنے کی اجازت دیتا ہے، جس کے نتیجے میں تیزی سے تعمیرات کرنےکی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ خاص طور پردیواروں کی تعمیر میں جو زیادہ مدت لگتی تھی، اس میں کمی آئی ہے۔ اگر آپ روایتی بلاکس یا اینٹوں کے بجائے بڑے کنکریٹ بلاکس استعمال کرتے ہیں تو تعمیراتی رفتار میں مزید13.5فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ بلاکس کو جوڑنے والا جدید مارٹر (مسالہ) تیزی سےخشک ہو کرایک سے دو گھنٹوں کے اندر مکمل طاقت پکڑکر بلاکس کوباہم پیوست کردیتاہے۔

پریکاسٹ کی بنیادیں

بنیادوں کو تیزی سے تعمیر کرنے کے لئے پریکاسٹ کنکریٹ سسٹم استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ عناصر عام طور پر اپنی مرضی کے حساب سے ڈیزائن ہوتے ہیں اور فیکٹری میں تیار کیے جاتے ہیں ، جس میںمعیار پر کوئی سمجھوتا نہیںکیا جاتا۔ بنیادیں عموماً کنکریٹ سے بنی سلیب کو اوپر تلے لگا کر تیار کی جاتی ہیں جو کہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوتی ہیں۔ یہ سسٹم پیداواری صلاحیت کو بہتر بناتا ہے، خاص طور پر یہ اس وقت کھدائی کی ضرورت کو کم کردیتا ہے جب زمین آلود ہ ہو ۔ آپ گندی زمین کھود کر اس میں پریکاسٹ سلیب رکھتے ہیں تو وہ گندگی اس کے نیچے چھپ جاتی ہے ، اور آپ اس پر مزید تعمیرات شروع کردیتے ہیں۔