عرفان خان نے اہلیہ کیلئے کونسا گانا گایا تھا؟

October 23, 2020

کولون انفیکشن کے باعث رواں سال اس دُنیا سے کوچ کرجانے والے بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کی یادگار ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ کے لیے گانا گنگناتے نظر آرہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بابیل خان نے اپنے والد عرفان خان کی ایک یادگار ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ لندن کی سڑکوں پر چہل قدمی کررہے ہیں۔


انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عرفان خان اپنی اہلیہ کے لیے مقبول ترین بھارتی گانا ’میرا سایہ کہ تیرا سایہ‘ گنگنا رہے ہیں جبکہ اداکار کے ساتھ اُن کی اہلیہ بھی گلوکاری کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

بابیل خان نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں گانے کا وہ ایک سطر لکھا جو اُن کے والدین ویڈیو میں گنگناتے دکھائی دیے۔

عرفان خان کے بیٹے نے بتایا کہ ’یہ وہ وقت تھا جب والد صاحب ماں کو ایئرپورٹ پر چھوڑنے جارہے تھے۔‘

اداکار کی زندگی کے قیمتی لمحات کو دیکھتے ہوئے اُن کے مداح غمزدہ ہوگئے ہیں اور پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے عرفان خان کو یاد کررہے ہیں۔

بابیل خان کی پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اب تک 74 ہزار سے زائد صارفین اُن کی ویڈیو کو لائک کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بابیل خان اکثر اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اُن کے لیے خصوصی پیغامات جاری کرتے رہتے ہیں جنہیں صارفین کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے۔

رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔