رابی پیرزادہ کو پُرانی ساتھی گلوکارہ نے کیا کہا؟

January 23, 2021

سال 2019 میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ کہتی ہیں کہ اُنہیں شوبز چھوڑنے کا کوئی افسوس نہیں۔

شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے والی رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی پینٹنگ کی کچھ تصویریں شیئر کیں۔

تصویریں شیئر کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے اپنی پُرانی ساتھی گلوکارہ کی ملاقات کے حوالے سے چند باتیں لکھیں۔

رابی پیرزادہ نے بتایا کہ ’حال ہی میں اُن کی ملاقات اُن کی پُرانی ساتھی گلوکارہ سے ہوئی اور اسی دوران گلوکارہ نے رابی پیرزادہ سے سوال کیا کہ تمہیں افسوس نہیں تم کانسرٹس نہیں کرسکتی جیسے میں کرتی ہوں؟‘

سابقہ گلوکارہ نے کہا کہ ’میں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’نہیں مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ میں تو اب بھی گنگنا سکتی ہوں بلکہ اب تو وہ بھی گلوکاری کررہے ہیں جنہیں گانا نہیں آتا۔‘

اُنہوں نے اپنی پُرانی ساتھی گلوکارہ سے پوچھا کہ ’کیا تُم میری طرح اللّہ تعالیٰ کا کلام پڑھ سکتی ہو؟ اور پینٹنگز بناسکتی ہو؟‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔

رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اعلان کیا تھا کہ وہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں اللّہ سے اپنے گناہوں کی معافی بھی طلب کی تھی اور ساتھ ہی لکھا تھا کہ اللّہ اُن کے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔

اپنے پیغام کے آخر میں رابی پیرزادہ نے لکھا تھا کہ ’اللّه پاک جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔‘