سانحہ نشترپارک کے شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، ثروت اعجاز قادری

April 12, 2021

کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سانحہ نشترپارک عید میلاد مصطفی ٰؐکے شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں،11اپریل 2006 کو اسلام وملک دشمن قوتوں نے دہشتگردی کرکے ملک کو توڑنے کی سازش کی تھی،63جنازے اٹھا کر بھی ہم نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرکے اسلام وملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جو سمجھتے تھے سنی تحریک کو ختم کردینگے آج ان کا وجود بھی نہیں ہے ، ہمیں انصاف آج تک نہیں مل سکا،پاکستان سنی تحریک کا ایک ایک کارکن نظریاتی آج بھی ملکی سلامتی اور اسلام کی سربلندی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء نشترپارک کے مزار پر حاضری کے بعد سید عبدالقادر باپو کے عرس،تقسیم اسناد ودستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سید جنید باپو،الحاج گلشن الہی،علامہ سید عبید شاہ،علامہ مشتاق اخترالقادری،ناظم اعلیٰ جامعۃ المصطفیٰ رضویہ محمد اسلم شاہ جیلانی ودیگر موجود تھے،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سید عبدالقادرباپوشریف کی دینی وملی اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،جامعۃ المصطفٰی رضویہ سے قرآن پاک حفظ وناظرہ کرنیوالے طلباء ہمارا سرمایہ ہیں،والدین اپنے بچوں کو دین کی تعلیمات ضرور دلائیں، ہمارے شہداء کا ہمیں انصاف چاہیے دہشتگردوں کو قانونی طورپر پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں، اپنے شہداء قائدین کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ چاہتے ہیں تاکہ انصاف کی بالادستی اور عام عوام کو حقوق میسر ہوسکیں۔