پاکستان میں نظریاتی سیاست کو فروغ دیا جائے، الطاف شاہد

April 13, 2021

لندن(پ ر ) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ ریاست جذباتی اورمالیاتی سیاست کی متحمل نہیں ہوسکتی ،ملک میں نظریاتی سیاست کو فروغ دیا جائے۔پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال نظریاتی ،تعمیری اوراصولی سیاست پر کاربند ہیں ۔عمران خان دودہائیوں سے سیاست میں سرگرم ہیں مگر وہ ابھی تک باشعوراورمیچور نہیں ہوئے ۔پی ایس پی کی قیادت کے پاس تعمیراتی اورترقیاتی ایجنڈاہے ۔ عداوت کی سیاست نے عمران خان کوبری طرح تنہا اورتاریک انصاف کوتباہ کردیا ۔وہ ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے زیادہ تر اقدامات بدنیتی کاشاخسانہ ہیں ،عنقریب تبدیلی سرکار کاڈراپ سین ہوجائے گا ۔منتخب حکومت شرارتی اورسازشی ہتھکنڈوں سے باز رہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ،وہ محض پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں مگرباشعورعوام نے ان کاپروپیگنڈا مسترد کردیاہے ۔پاکستان میں جہاں بھی تبدیلی آئی پرامن اورآئینی اندازسے آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ،ملک میں تصادم اورتناؤکی فضا کسی کے مفاد میں نہیں ۔جوعناصر منفی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں وہ نامراد اورشرمندہ ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پرجوش نوجوان قیام امن اورقومی یکجہتی کے فروغ کیلئے پی ایس پی کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہوں۔ جہالت،ناخواندگی ،پسماندگی ،مفلسی اورمایوسی سے مستقل نجات کاراستہ پائیدارجمہوریت سے ہوکرجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعمیروترقی کاسفر مزید تیز کرنے کیلئے جمہوریت کاتسلسل ناگزیر ہے ۔ہمارے قائد سیّد مصطفی کمال انتخابی مہم کے دوران جوبھی وعدہ کریںگے وہ وفاہوگا ۔