پشاورمیں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا

April 19, 2021

پشاور(وقائع نگار)پشاورمیں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا اور ماہ صیام میں بھکاریوں نے پشاور کو پھر سے ہدف بنا لیا ہے جہاں ہسپتالوں،مساجد،بازاروں اور مارکیٹوں سمیت لوگوں کے گھروں پر بھی دستک دے کر بھیک مانگی جارہی ہے۔اہم سڑکیں اور چوک بھی گداگروں کے ٹھکانے بن گئے ہیں۔اس مرتبہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھیک کے لئے پشاورکا رخ کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگروں نے ان کیلئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے انہیں تنگ کر کے بھیک مانگی جارہی ہے اور جب تک انہیں بھیک نہ دی جائے پیچھا نہیں چھوڑتے۔اندرون شہری علاقوں سمیت پشاور صدر میں صبح سے افطاری کے ٹائم وقت پیشہ ور بھکاری اپنے مقرر کردہ مقامات پر بھیک اکھٹی کر کے شام کے بعد واپس اپنے ٹھکانوں کا رخ کرلیتے ہیں جبکہ صبح دوبارہ شہریوں کے گھروں پر دستک دینے کے ساتھ ساتھ مساجد اور ہسپتالوں میں بھیک کا سلسلہ شروع کر دیتے ہیں۔