سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں استعمال شدہ سامان ٹینڈر کے بغیر فروخت

June 24, 2021

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں لاکھوں کا استعمال شدہ سرکاری سامان بغیر کسی اشتہار ، ٹینڈر اور کمیٹی کے فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے چند ماہ قبل استعمال شدہ انکیوبیٹرز ، ایکسرے مشین ، آپریشن تھیٹر ٹیبل، اسٹریچر ز، بستر، کرسیاں، ایئر کنڈیشنرز، ریفریجریٹرز اور مختلف مشینوں سمیت لاکھوں کا سامان کباڑیوں کو فروخت کر دیا جبکہ اس کے پیسے بھی سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے ۔ جنگ کو موصول دستاویزات کے مطابق مزدہ نمبر جے زیڈ 3606 اور سوزوکی نمبر کے یو 7380سمیت درجن بھر گاڑیوں میں استعمال شدہ سامان اسپتال سے باہر منتقل کیا گیا جس کا وزن القریش کانٹا اورنگی ٹاؤن سے کرایا گیا۔ اس ضمن میں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوشاد شیخ کاکہنا تھا کہ کوئی استعمال شدہ سامان فروخت نہیں کیا گیابلکہ ان کی مرمت کرائی جارہی ہے ۔ دوسری جانب اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راشد خانزادہ کا کہنا تھا کہ سامان ضرور فروخت کیا گیا ہے اور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاہم اشتہار نہیں دیا جاتا بلکہ کوٹیشن کی گئی ۔ جنگ کے استفسار پر ڈاکٹر راشد خانزادہ کمیٹی کے اراکین ، کوٹیشن اور پیسے سرکاری خرانے میں جمع کرانے کی تفصیلات فراہم کرنے سے قاصر رہے ۔