جتنی جلد ممکن ہو سکے عوام ویکسین لگوائیں، صدر مملکت

July 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ہفتے کوگورنرہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوااس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی جے پرکاش ، رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، سعید آفریدی ، خرم شیر زمان ، بلال غفار اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر نے کورونا وائرس کی صورتحال ، چوتھی لہر میں انڈین وائرس کی موجودگی کے حوالہ سے صدر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا وفاقی وزیر اسد عمر نے وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی اسکیم، اور صوبہ کے لئے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی ، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

جتنی جلد ممکن ہو سکے عوام ویکسین لگوائیں ۔ عوام این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں ۔

گورنرسندھ محرم الحرام سے قبل مختلف مکاتب فکر کے علماءکے ساتھ اجلاس کا انعقاد کریں ۔

محرم الحرام کے ایام میں مذہبی مقامات اوراجتماعات میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔