فوڈ اتھارٹی کاروائی ٗبڑی مقدار میں جعلی مشروبات برآمد

July 28, 2021

پشاور (جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے کوہاٹ کے علاقے نور الہی کالونی میں کاروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں جعلی مشروبات برآمد کرکے مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کردیا۔ کاروائی کے دوران کئی دیگر دکانوں سے زائد المعیاد اشیاء برآمد کرکے ضبط کرلئے گئے۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران سیٹزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایت پر فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مختلف دکانوں سے جعلی مشروبات اور زائد المعیاد اشیاء برآمد کرلئے۔ نوشہرہ کے علاقے پبی بازار میں مختلف بیکریوں اور مارٹس کا بھی معائنہ کیا گیا۔ کاروائی کے دوران مختلف دکانوں اور مارٹس سے نان فوڈ گریڈ کلر، ممنوع انرجی ڈرنکس اور زائد المعیاد اشیاء برآمد کرکے ضبط کرلئے گئے۔ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک بیکری پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق چترال کے علاقے جغور، بکرآباد اور اورغوچ میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کا بھی معائنہ کیا گیا اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد کاروباروں کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے، دوران انسپیکش غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیاء قبضہ میں لے کر موقع پر تلف کر دی گئی۔وزیر خوراک خیبر پختونخواہ عاطف خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے سیاحتی مقام شوگراں میں کاروائی کرتے ہوئے انسپکشن کے دوران خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ، چائنہ سالٹ برآمد ہونے پر ایک ہوٹل پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا، جبکہ کئی دیگر ہوٹلوں کو معیار میں بہتری کے لئے نوٹسز جاری کئے گئے۔