مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سپیشل مجسٹریٹس تعینات کرنیکا فیصلہ

September 22, 2021

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پنجاب بھر میں پرائس کنٹرول ایکٹ1977کے تحت سپیشل مجسٹریٹس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجو ضابطہ فوجداری کی دفعہ14 Aکےتحت کریمنل ٹرائل کرسکیں گے۔اس مقصد کیلئے صوبہ بھر میں مجسٹریٹس کی تربیت کا پروگرام13ستمبر سے شروع کیا گیا ہے۔ہر ضلع میں فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہےجبکہ تربیت کیلئے لوازمات و جگہ سمیت لاجسٹک سپورٹ کی ذمہ داری متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ہوگی۔ماسٹر ٹرینرزسنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکوٹرز (سی پی ڈی)کے حکام ہیں۔راولپنڈی میں دو روزہ تربیتی پروگرام آج سے شروع ہوگاجس کا انتظام ڈپٹی کمشنر آفس میں کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو تربیت دی جائے گی۔