گورننس میں بہتری کیلئے ای ٹینڈرنگ سسٹم کا نفاذانقلابی قدم ہے، محمود الرشید

September 28, 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ شفافیت، کاروبار میں آسانی اور گورننس میں بہتری کیلئے ای ٹینڈرنگ سسٹم کا نفاذ محکمہ بلدیات کا انقلابی قدم ہے۔محکمہ بلدیات حکومت کے ویژن کے مطابق شفافیت کے فروغ کیلئے کوشاں اور درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام ای ٹینڈرنگ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل دیگر متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے جبکہ ورکشاپ میں 100سے زائد ٹھیکیداران نے آن لائن ٹینڈرز کے حوالے سے تربیت حاصل کی۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ سسٹم کی بدولت دنیا کے کسی بھی حصے سے ٹینڈرنگ کے عمل میں حصہ لیا جا سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سسٹم کی مدد سے صوبائی سطح پر مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ عوام کو خدمات کی فراہمی اور شفافیت موجودہ گورنمنٹ کا نصب العین ہے۔