دنیا میں سب سے بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا دعویٰ کرنے والا بھارت چوتھی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی میلے میں سیمی فائنل میں پہنچنے سے قبل ہی باہر ہوگیا۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم اس کے بعد مسلسل تین مرتبہ پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی، جبکہ 2014 میں رنر اپ رہی اور 2016 میں سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔
پانچ سال بعد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈکپ میں بھی بھارتی ٹیم کوئی اچھی پرفارمنس نہیں دے سکی اور سپر 12 کے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی ہے۔
2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کے عالمی میلے کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی تھی جبکہ 2009 کا عالمی کپ انگلینڈ میں ہوا تھا، جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم سپر 8 کے مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2010ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا تھا جس کی فاتح انگلینڈ کی ٹیم ٹھہری تھی، جس نے آسٹریلیا کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز واحد ٹیم ہے جس نے دو مرتبہ عالمی چیمپین بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے، ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلے گئے 2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتا۔
چوتھے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2012 کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے میزبان سری لنکا کو 36 رنز سے ہرایا تھا۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 137 رنز بنائے تھے ، جبکہ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم صرف ایک سو ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پانچواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2014 میں جس کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو 4 رنز سے شکست دی تھی ۔
چھٹا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 میں بھارت میں کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز نے دوسری بار چیمپیئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی پہلی ٹیم بنی تھی۔
کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر کرکٹ کا عالمی میلہ لوٹ لیا تھا۔