• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایتھوپیامیں باغیوں کی پیش قدمی،مغربی ممالک کے شہریوں کا انخلا

برلن ( نیوز ڈیسک) افریقی ملک ایتھوپیا میں تیگرائے باغیوں کی پیش قدمی شدید ہوگئی۔ جرمنی سمیت دیگر مغربی ممالک نے اپنے شہریوں کو ایتھوپیا چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تیگرائے باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ملکی دارالحکومت ادیس ابابا پر قبضہ کرنے کے مزید قریب ہو گئے ہیں۔ ان کی اس پیش قدمی کے تناظر میں ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد نے اعلان کیا ہے کہ وہ میدانِ جنگ میں باغیوں کے خلاف اپنی فوج کی اگلے محاذ پر قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دارالحکومت ادیس ابابا میں افراتفری اور شدید کشیدگی کی فضا ہے۔ جرمن وزارتِ خارجہ نے ایتھوپیا میں مقیم اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچیں اور پہلی پرواز کے ذریعے ایتھوپیا کو چھوڑ دیں۔ فرانس اور امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو تلقین کی ہے کہ ایتھوپیائی سرزمین سے فوری طور پر نکل کر کسی محفوظ علاقے یا ملک میں پہنچ جائیں۔ اسی طرح اقوام متحدہ نے بھی اپنے عملے کے خاندانوں کو ایتھوپیا سے نکل جانے کا کہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارے کیے عملے اور ان کے اہل خانہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ہمسایہ ملک اریٹیریا کے ساتھ قدیمی سرحدی تنازع طے کرنے پر ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کو امن کا نوبیل دیا گیا تھا۔
تازہ ترین