• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں گیس بحران، صارفین کھانا بنانے سے بھی قاصر

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کے بحران نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں اور وہ کھانا بنانے سے بھی قاصر ہو گئے ہیں۔ صارفین کے مطابق ایک آدھ بارش کے بعد جونہی سردی میں اضافہ ہوا تو صورتحال مزید سنگین ہو نے کا خدشہ ہے لہٰذا وزیراعظم عمران خان اس کا نوٹس لیں کیونکہ اس ریکارڈ مہنگائی میں جہاں روٹی کھانا محال ہے ایسے میں ریکارڈ مہنگی ایل پی جی اور 1000روپے تک من سوختہ لکڑیاں کیسے خریدیں۔ میڈیا ٹائون، چمن زار، جہانگیر روڈ ، سکیم تھری، ویسٹریج، ویلی روڈ، شالے ویلی، ٹنچ بھاٹہ، ڈھوک چوہدریاں، بکرا منڈی، ہارلے سٹریٹ، اشرف کالونی، ڈھیری حسن آباد، ٹاہلی موہری، لالہ زار، تلسہ روڈ، اڈیالہ روڈ، گلشن آباد، کہکشاں کالونی، ڈھوک کھبہ، ڈھوک الٰہی بخش، مسلم ٹائون، صادق آباد اور مری روڈ کے ارد گرد کی آبادیوں سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں کہیں یہ بنیادی سہولت بالکل بھی دستیاب نہیں تو کہیں پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ کوئی چیز پکنے کا نام ہی نہیں لیتی۔ میڈیا ٹائون کے صارفین کے مطابق دوپہر اور بالخصوص رات سات کے بعد پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث وہ کھانا بنانے سے بھی قاصر ہو جاتے ہیں اور رات سات بجے کے بعد زیرو ہونیوالا پریشر رات بارہ بجے بہتر ہوتا ہے جس سے انہیں شدید مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے ایم ڈی سوئی ناردرن سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی اور وزیروں مشیروں کی طرف سے صرف بیان بازی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلے کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو ٹھہرانے والے یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں کیا کیا ہے، متاثرین کا مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے گھریلو صارفین کی ضرورت کو مدنظر رکھا جائے۔
تازہ ترین